Bazm e Adab | karori Mal College | کروڑی مل کالج کے شعبہ اردو میں نو آمد طلبا کے لیے خیر مقدم تقریب

بزم ادب، شعبہ اردو کروڑی مل کالج ، دہلی یونیورسیٹی کروڑی مل کالج کے شعبہ اردو میں نو آمد طلبا کے لیے خیر مقدم تقریب ۲۴؍ستمبر، ۲۰۱۱، (شعبہ اردو کروڑی...

بزم ادب، شعبہ اردو
کروڑی مل کالج ، دہلی یونیورسیٹی


کروڑی مل کالج کے شعبہ اردو میں نو آمد طلبا کے لیے خیر مقدم تقریب


۲۴؍ستمبر، ۲۰۱۱، (شعبہ اردو کروڑی مل کالج) ’’بزم ادب‘‘ شعبہ اردو کروڑی مل کالج ،دہلی یونیورسیٹی کی جانب سے سمینار ہال میں آج نو آمد طلباء کے لیے’’ خوش آمدید ‘‘تقریب بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ اس تقریب میں نو آمد طلباء کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر یحی صبا نے کہا کہ کروڑی مل کالج کا شعبہ اردو اردو زبان و تدریس کے ضمن میں ایک تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ اس شعبے سے ڈاکٹر خلیق انجم ، ڈاکٹر کامل قریشی جیسے اکابرین وابستہ رہے ہیں۔طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر یحی صبا نے مزید کہا کہ آپ یہاں اردو کی تعلیم کے لیے داخل ہوئے ہیں جس میں دنیا بھر کا علم موجود ہے ۔ اردو کا مزاج پوری طرح سیکولر ہے اوریہی اس کی ترقی اور ترویج کا ضامن بھی ہے اور اردو شعر ادب میں دنیا کے تمام علوم و فنون کی چاشنی ملتی ہے شرط یہ ہے کہ ہمارے اندر تلاش کا مادہ کتنا ہے۔ داکٹر یحی صبا نے مزید کہا کہ نو آمد طلباء سے بھی اسی سیکولرروایت کو جاری رکھنے کی تلقین کی جاتی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی امید کی جاتی ہے کہ اردو کے ذریعہ دنیا بھر کے علم و فن سے آشنا ہو کر ملک و قوم کی خدمت انجام دیں۔ روایت کے مطابق اس تقریب کا آغاز رسم گل پوشی سے ہوا۔ کالج کی سنیر استاد ڈاکٹر طیبہ خاتون جو تقریب میں جج کے فرائض انجام دے رہی تھیں ’مسٹر فریشر‘ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے خطبہ میں نو آمد طلباء کومخاطب ہو تے ہوئے کہا کہ کالج میں اور شعبے میں اتحاد قائم رکھیں ۔ ڈاکٹر طیبہ خاتون نے مزید کہا کہ آپ کی محنت کبھی رائگاں نہیں جائیں گی۔ آپ محنت کریں ، اونچا مقام حاصل کریں اور اس کالج کی شان و شوکت میں اضافہ کریں۔ ہم اساتذہ کی طرف سے آپ طالب علموں کے لیے علم و عمل کی تلقین کی ہمیشہ کوشش رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ اس تقریب میں صدارت کے فرائض شعبے کے انچارج ڈاکٹر یحی صبا نے انجام دیا اور اس تقریب میں جج کے فرائض ڈاکٹر طیبہ خاتون اور ڈاکٹر یاسمین نے انجام دیے ۔ اس تقریب میں جج کے ذریعہ سال اول کے دو ہونہارطالب علم جناب شاہنواز اور نور اسلام کو مسٹر فریشر کے خطاب سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں جناب عامر آفاق اور اریبہ معین نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ اس جشن کو خوش گوار بنانے کے لیے طالب علموں نے وقفے وقفے سے ثقافتی و تہذیبی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا ساتھ ہی نو آمد طلباء سے عصری تقاضوں کے مطابق چند سوالات بھی کیے گئے جن کا جواب طلباء نے بڑی خوش اسلوبی سے حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ خیال رہے کہ ’’بزم ادب‘‘ کروڑی مل کالج ،دہلی یونیورسیٹی میں سب سے متحرک اور فعال ادبی و ثقافتی انجمن ہے جو سمینار ،سیمپوزیم، مشاعرہ ،انعامی مقابلے ، بیت بازی، غزل سرائی اور ، مضمون نویسی وغیرہ کے مقابلے کا اہتمام مسلسل کرتا رہتا ہے۔ روایت کے مطابق ہر تعلیمی سال کے شروع میں تینوں سال کے طلباء میں سے جمہوری اقدار کو ملحوظ رکھتے ہوئے اس انجمن کے لیے عہدے داران کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اسی کے تحت مورخہ ۸ ستمبر ۲۰۱۱ کو شعبے کے جملہ اساتذہ کی نگرانی میں عہدے داران کا انتخاب کیا گیا۔ اس انجمن کے نو تشکیل شدہ عہدے داران کے اسماء اس طرح ہیں:
صدر: محمد راحم رفیع (سال سوم)
نائب صدر: محمد شعیب (سال سوم)
جنرل سکریٹری: محمد جنید (سال سوم)
سکریٹری: نوشین (سال سوم)
جوائنٹ سیکریٹری: اکرم (سال دوم)
فیضان احمد(سال اول)
محمد سلمان (سال اول)
خزانچی: مسعود جاوید (سال سوم)
محمد شارق (سال سوم)
محمد وصی(سال اول)
طلباء مدیر برائے آؤٹ لک (کالج میگزین) : عامر آفاق (سال سوم)
معاون مدیر: صالحہ (سال دوم )
اس تقریب کو آراستہ کرنے میں مذکورہ اراکین بزم ادب کا فعال رول رہا ۔ اس تقریب میں دہلی یونیورسیٹی کے شعبہ فارسی کے استاد ڈاکٹر علاؤالدین شاہ بھی موجودتھے جو کالج میں بھی فارسی کی تدریس کے لیے معمور ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر غفران راغب بھی موجود تھے۔

Viewers: 657
Share