Jasim Mohammad | Report | جامعہ اردوعلی گڑھ کی ایک اہم میٹنگ

جامعہ اردوعلی گڑھ کی ایک اہم میٹنگ رجسٹرار محترمہ صبا خاں کی صدارت میں منعقد ہوئی

جسیم محمد، علی گڑھ10؍نومبر۔ جامعہ اردو کی ایک اہم میٹنگ رجسٹرار محترمہ صبا خاں کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں22سے30؍نومبر تک منعقد ہونے والے جامعہ اردو کے امتحانات کے تعلق سے اہم فیصلے لئے گئے۔
میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے محترمہ صبا خاں نے کہا کہ جامعہ اردو کے22؍نومبر سے منعقد ہونے والے امتحانات کی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے کسی قسم کی کوئی کوشش باقی نہیں رہنے دی جائے گی اورکسی بھی مرکز کو ایسی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی جس سے ان امتحانات کے وقار پر کسی قسم کی آنچ آئے اور ان کی شفافیت برقرار نہ رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ اردو کی 72سالہ شاندار تاریخ ہے اور اس کی زرین روایات کو کسی قیمت پر پامال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
میٹنگ میں امتحانات کے تعلق سے ایک آبزرور کمیٹی بنائی گئی جس کا چیئرمین پروفیسر سید اقبال علی کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ مسٹر خالد امیر اس کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مقرر کئے گئے ہیں۔ یہ دونوں حضرات ایک30رکنی کمیٹی تشکیل دیں گے جوہندوستان بھر میں منعقد ہونے و الے جامعہ اردو کے امتحانات کا جائزہ لے گی اور اگر کسی بھی مرکز پر کسی قسم کی گڑ بڑ کی کوئی شکایت دیکھنے کو ملتی ہے تو اس کمیٹی کی سفارشات پر اس مرکز کو فوری طور پر ختم کردیا جائے گا۔ صبا خاں نے کہا کہ مرکز کے تعلق سے اس کمیٹی کا فیصلہ قطعی طور پر حتمی ہوگا۔
اس کے علاوہ اردو کو عوام تک پہونچانے کی غرض سے جامعہ اردو اولڈ بوائز ایسو سی ایشن کے قیام کی تجویز پر بھی میٹنگ میں غورکیا گیا۔ رجسٹرار محترمہ صبا خاں نے جامعہ اردو اولڈ بوائز ایسو سی ایشن کے قیام کے لئے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی جس کا کنوینر جامعہ اردو بورڈ آف گورنر کے رکن جسیم محمد کو بنایا گیا ہے۔ اس کمیٹی میں ڈاکٹرا عظم بیگ، پروفیسر ہمایوں مراد، پروفیسر ذکیہ اے صدیقی، اور ڈاکٹر سید محسن رضأ کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی جامعہ اردو اولڈ بوائز ایسو سی ایشن کے قیام کے لئے ضروری کارروائی عمل میں لائے گی۔
میٹنگ میں جامعہ اردو کے ا و ایس ڈی مسٹر فرحت علی خاں، بورڈ آف گورنر کے رکن جسیم محمد، جامعہ اردو کے لیگل آفیسر رگھوراج سنگھ، اکاؤنٹنٹ عبدالماجد، جامعہ اردو ایکزیکیوٹو بورڈ کے رکن سامون رضا اور کنٹرولر برائے امتحانات رضوان علی خاں موجود تھے۔

Viewers: 119
Share