Imran Shanawar | Rawish Award | روش انٹرنیشنل کی تقریب تقسیم ایوارڈ 2011ء

روش انٹرنیشنل کی تقریب تقسیم ایوارڈ 2011ء

روش انٹرنیشنل اپنے فلاحی کاموں اور فروغِ ادب کی قابل ذکر کوششوں کے لیے ملک گیر شہرت کی حامل تنظیم ہے جس کے بانی ممتاز شاعر اور خاکہ نگار ثناء اللہ شاہ ہیں۔ پچھلے دنوں روش کے سرپرست اعلیٰ اور آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز کی رہائش گاہ واقع ایم ایم عالم روڈ گلبرگ لاہور پر ایک پروقار اور خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں روش کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والوں اور شعر و ادب کا دامن اپنی اعلیٰ تخلیقات سے معمور کرنے والے خواتین و حضرات کو ایوارڈ‘ نقد انعام اور تحائف دئیے گئے۔ تقریب تقسیم ایوارڈ کی صدارت کے لیے محترمہ رانی نذیر اور مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب سعداللہ شاہ اور محترمہ آمنہ الفت سٹیج پر رونق افروز تھیں۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ نعت سرور کونینؐ کی سعادت ریڈیو ٹی وی کی معروف نعت خواں فاطمہ حیدر نے حاصل کی۔

جیوری کے فیصلے کی رو سے ملک کے نامور شاعر‘ ادیب اور کالم نگار سعداللہ شاہ اپنے شعری مجموعہ ’’رایگانی سی رایگانی ہے‘‘ کے لیے اول انعام نقد رقم اور ایوارڈ کے حق دار قرار دیے گئے۔ دوسرا انعام معروف شاعرہ حمیدہ شاہین نے اپنے مجموعہ کلام ’’زندہ ہوں‘‘ کے لیے نقد رقم اور ایوارڈ وصول کیا جبکہ تیسرا انعام ماہنامہ پائلٹ آئینہ کی باقاعدہ کالم نگار اور ممتاز ڈاکٹر روزینہ وحید نے سعداللہ شاہ کی شاعری پر مشتمل انتخاب ’’تمنا آشنائی کی‘‘ کے لیے نقد رقم اور ایوارڈ حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ فخر پاکستان ٹینس سٹار اعصام الحق‘ روش کے ڈیزائنر اور خوبصورت شاعر عمران شناور‘ بہترین پروگرام آرگنائزر محمد جمیل‘ روش نیٹ ورک کے لیے اعلیٰ خدمات پر شیخ محمد عاطف نواز کو ایوارڈ اور نقد انعام فاطمہ حیدر کو بہترین نعت خواں کے ایوارڈ کے ساتھ سلائی مشین کا تحفہ دیا گیا۔ جبکہ ماہنامہ پائلٹ آئینہ کے ڈپٹی ایڈیٹر اور ممتاز شاعر سرور ارمان‘ نامور شاعر ادیب شفیق احمد خان‘ روش کے سابق جنرل سیکرٹری نوید انور‘ پروفیسر امجد طفیل‘ حنا خان‘ ڈاکٹر ضیاء الحسن‘ آمنہ الفت‘ ثناء اللہ شاہ‘ محمد نواز کھرل‘ گل دیدی اور چشتیاں سے تعلق رکھنے والے روش کے عہدیداران چوہدری محمد سرور‘ ملک محمد اختر اور حکیم شوکت کو تحائف پیش کیے گئے۔
ممتاز شاعر واجد امیر‘ راجا نیئر‘ ریحانہ یاسمین‘ زاہد عباس‘ راحیلہ رباب ‘ حسن بانو خان‘ تیمور حسن اور اعجاز فیروز اعجاز نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ صاحبِ ذوق خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے تقریب کو چار چاند لگائے۔ ممتاز صحافی ایثار رانا‘ شہباز انور‘ فضل حسین اعوان‘ محمدامتیاز‘ سعید نظامی بھی پروگرام کی زینت تھے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے تقریب کی بھرپور کوریج کی۔ جناب خالد پرویز کا تعلق چونکہ تاجر برادری سے ہے لہٰذا ممتاز تاجر حضرات اور چیمبر آف کامرس کے ممبرز نے بھی اس خوبصورت تقریب کے لیے وقت نکالا اور اس کی رونق کی دوبالا کیا۔ صدر روش انٹرنیشنل رانی نذیر‘ رکن پنجاب اسمبلی محترمہ آمنہ الفت اور جناب سعداللہ شاہ سٹیج کے وقار اور تمکنت کا باعث تھے۔ جناب سعداللہ شاہ نے اپنے خوبصورت کلام سے شرکائے تقریب سے خوب خوب داد پائی۔ روش کے بانی جناب ثناء اللہ شاہ نے تقریب تقسیم ایوارڈ کے انعقاد پر منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ 2012ء میں جناب شفیق احمد خان کو ان کی ادبی خدمات اور محمد جمیل کے لیے دس دس ہزارروپے انعام اور ایوارڈ کا اعلان کیا۔

صدر محفل محترمہ رانی نذیر نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ منتظمین کو داد دی اور ایسی ہی تقریبات اور ادبی علمی سماجی شخصیات کی خدمات کو سراہنے اور انہیں ایوارڈ پیش کرنے کے عہد کے ساتھ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اور روش انٹرنیشنل کے سرپرست اعلیٰ جناب خالد پرویز کی طرف سے تقریب ایوارڈ کے انتظامات اور پرتکلف ضیافت کے لیے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اور یوں یہ خوبصورت تقریب رات گئے اختتام پذیر ہوگئی۔

Viewers: 145
Share