احمد سجاد بابر
لودھراں۔ پاکستان ۔ فون: 0300-7029995
دسمبر اور چہرے
پاتالِ وقت کی اندھی غارکی جانب
دسمبر جا رہا ہے۔۔!!!
مری یادوں کے پردے پر
چہرے جھلملاتے ہیں۔۔۔!!!
یہ دیکھو یہ ہے اک ماں کا چہرہ
کہ جس کی سسکتی آنکھوں میں جیسے جم گیا ہے
اُس کے پھول سے بچّے کا خوں میں لتھڑتا چہرہ۔۔!!!
لرزتا چہرہ۔۔!!!
شہرِعروساں میں
شبِ تاریک سا چہرہ،عجیب سا چہرہ۔۔!!!
ہنگامِ وقت میں گُم صُم،فُغاں کا چہرہ۔۔!!!
یہ ہے ماں کا چہرہ۔۔!!!
دسمبر جا رہا ہے
مری یادوں کے پردے پر
چہرے جھلملاتے ہیں۔۔۔!!!
یہ دیکھو یہ ہے نوجواں بیوہ
کہ جس کی مانگ ہے اُجڑی۔۔!!
یہ بے تنویر،بے توقیر سا چہرہ۔۔!!!
یہ بھیڑیوں کے غول میں
امانِ عصمت و عفّت پکارتا چہرہ۔۔!!
ردائے مریم و زینب کو مانگتا چہرہ۔۔!!!
بے نوائی ، بے بسی سے کانپتا چہرہ۔۔!!
درندوں کے قبیلے میں فقط اک ہانپتا چہرہ۔۔!!
دسمبر جا رہا ہے
مری یادوں کے پردے پر
چہرے جھلملاتے ہیں۔۔۔!!!
مرے شہرِ درخشاں میں
خاک و خون میں نہلائے،پتھرائے سے چہرے
مری ماہتاب سی دھرتی پہ سائے سے چہرے۔۔!!
یہ پرائی جنگوں میں جھلسے،گہنائے سے چہرے۔۔!!
مجھ سے پُوچھتے ہیں۔۔!!
کیا نئے برس کا سورج
ہمارے گھر کے آنگن میں بھی اُترے گا۔۔۔!!!
دسمبر جا رہا ہے
مری یادوں کے پردے پر
چہرے جھلملاتے ہیں۔۔۔!!!



on
on
