Ali Sahil | Nazmain | علی ساحل کی تازہ نظمیں

علی ساحل مدیر : سہ ماہی نظم نو کراچی فون نمبر: 03003003033 خواب چلو اچھا کِیا تم نے ہمیں خوابوں کی دُنیا سے ہمیشہ دُور ہی رکھا سُنا ہے خواب […]

علی ساحل
مدیر : سہ ماہی نظم نو کراچی
فون نمبر: 03003003033

خواب

چلو اچھا کِیا تم نے
ہمیں
خوابوں کی دُنیا سے
ہمیشہ دُور ہی رکھا
سُنا ہے
خواب کے تعبیر میں تحلیل ہونے سے ذرا پہلے
اِک ایسا مرحلہ ہے
جس میں آنکھیں کھول لی جائیں
تو بینائی نہیں رہتی

صدائیں کون سُنتا ہے

صدائیں گونجتی رہتی ہیں گلیوں میں
کوئی آواز دیتا ہے
پسِ دیوار
اِک بڑھیا
پرانے عاشقوں کے نام لیتی ہے
مگر احساس سے عاری
زمانے میں
پرانی اپسراؤں کی صدائیں کون سُنتا ہے
صدائیں گونجتی رہتی ہیں گلیوں میں
ملبہ
میں بچپن میں
سبھی دُکھ
گھر کی دیواروں پہ لکھ دینے کا عادی تھا
مگر پردیس میں آکر
میں اپنے گھر کی دیواروں پہ روشن
سب دُکھوں کو بھُول بیٹھا ہوں
مجھے ماں نے بتایا ہے
کہ اب کی بارشوں میں
گھر کی دیواریں بھی روئی ہیں
سو گھر جا کر
مجھے دیوار پر
لکھی ہوئی
تحریر کا ملبہ اُٹھا نا ہے

Viewers: 4404
Share