Showkat Ali Naz | Hamd | شوکت علی ناز کی حمد باری تعالی

شوکت علی نازؔ دوحہ،قطرموبائل۰۰۹۷۴۵۵۵۹۵۸۳ ای میل: shaukat@qatarneon.com حمدِباری تعالیٰ کس کی رضا سے اگتے ہیں لیل و نہار دیکھ ہیں دسترس میں کس کی خزاں و بہار دیکھ کر حمد […]

شوکت علی نازؔ
دوحہ،قطرموبائل۰۰۹۷۴۵۵۵۹۵۸۳
ای میل: shaukat@qatarneon.com

حمدِباری تعالیٰ


کس کی رضا سے اگتے ہیں لیل و نہار دیکھ
ہیں دسترس میں کس کی خزاں و بہار دیکھ


کر حمد اس کی ، چہرے پہ آتا نکھار دیکھ
’’صورت میں اپنی قدرتِ پروردِگار دیکھ‘‘


جس نے کیا دکھوں سے تجھے آشکار دیکھ
آ رحمتوں کا اس کی ذرا کر ، شمار دیکھ


ظلمت کدوں میں بخش کے نورِ ھدیٰ تجھے
دیتا ہے تجھ کو کس طرح عز و وقار دیکھ


سب سلسلے اسی کے ، وہ ہر مسٗلے کا حل
ناداں تو اس پہ کرکے کبھی اعتبار دیکھ


عدس و بصل ، ثمور و عسل جس کی ہیں عطا
روزی کشا ہے سب کا وہی کِردگار دیکھ


دنیا کے بھید بھاؤ پسِ پشت ڈال کر
اس کے لئے بھی ہوکے کبھی دِلفگار دیکھ


اک بار دل سے کرلے اسے یاد بے وفا
پھر اس کی چاہتوں کا تو چڑھتا خمار دیکھ


گلہائے رنگارنگ میں قدرت اسی کی ہے
ہیں ترجماں اسی کے سبھی ، خس و خار دیکھ


جس نے کیا ہے نازؔ تجھے آج سرفراز
رکھے گا وہ ہمیشہ تجھے ذی وقار دیکھ

Viewers: 3478
Share