قائد ملت ڈاکٹر عبدالجلیل فریدی کے نام سے اردو عربی فارسی یونیورسٹی منسوب کی جائے:اسلم انصاری

لکھنؤ۔۲۳؍جون۔کل ہندڈاکٹر عبدالجلیل فریدی میموریل سوسائٹی کے بانی کنوینر محمد اسلم انصاری نے ایک بیان میں لکھنؤ کی کانشی رام اردو عربی فارسی یونیورسٹی کے نام کی تبدیلی کی تجویز پرردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی کانام اترپردیش اردو عربی فارسی یونیورسٹی بذات خود مناسب معلوم ہوتاہے لیکن سرکار کااردو داں طبقہ ،دانشوروں ،ادیبوں اورشاعروں کے مطالبہ پریونیورسٹی کوکانشی رام کے نام کے بجائے کسی دیگر شخصیت کے نام سے منسوب کرناچاہتی ہے تویہ ایک مبارک قدم ہے۔
اسلم انصاری نے کہاکہ اس یونیورسٹی کواگرکسی شخصیت کے نام سے منسوب کرناہے تویہ دیانتداری اورانصاف کاتقاضا ہے کہ یہ حق صرف اورصرف قائد ملت ڈاکٹر عبدالجلیل فریدی کابنتاہے جنھوں نے ملک کی آزادی کے بعدنہ صرف یہ کہ اترپردیش بلکہ ملک میں اردو کی ترویج واشاعت اورترقی وبقا کے لئے نیز اردو کی حق تلفی کے خلاف نہ صرف یہ کہ کونسل سے واک آؤٹ کیابلکہ کونسل کی رکنیت تک اورحزب اختلا ف کے قائد کی حیثیت کوقربان کردیا ان کے اس اخلاس وقربانی سے پورے ملک میں اردو کی ترقی ،بقا اوراس کے حق کے حصول کے لئے متعدد تنظیمیں وجود میں آگئیں ۔محبان اردو میں بے داری کی وجہ سے اردو اخبارات اوررسالوں کی تعداد میں اضافہ ہوناشروع ہوگیا حکومت سے ان کواشتہارات کے ذریعہ مددملنی شروع ہوئی اردو اکاڈمیوں کاوجود عمل میں آیا اورآگے چل کر اردو کو دوسری سرکاری زبان کادرجہ ملا۔اردواساتذہ اورمترجموں کی بھرتی ہوئی یہ سب قائد ملت ڈاکٹر فریدی صاحب کی اردو کے سلسلہ میں عملی جدوجہد اورقربانی کانتیجہ ہے۔
اسلم انصاری نے مزید کہاکہ قائدملت ڈاکٹر فریدی کی اردو کے لئے کی گئی کارروائیاں اورقربانیاں اس امر کی آئینہ دارہیں کہ اردو عربی فارسی یونیورسٹی کانام ان کے نام سے منسوبہ کیاجائے۔

Viewers: 1126
Share