کتاب ’’فالومی‘‘ کا 50ہزارواں نسخہ اورامریکی کونسل جنرل جینیفر میکن ٹائر

جینیفر میکن ٹائر ’فالومی‘ کی 50ہزارویں کاپی جناب سید حامد محسن سے حاصل کرتے ہوئے۔ساتھ میں ان کے نائب کونسل جنرل حلیمہ وائلس بھی دیکھی جاسکتی ہیں

بیدر:8اگست۔ کتاب ’’فالومی‘‘ کا 50ہزارواں نسخہ امریکی کونسل جنرل جینیفر میکن ٹائر نے سلام سنٹر کے چیرمین جناب سید حامدمحسن سے ۴ ارمضان المبارک کوایک خصوصی تقریب میں حاصل کیا۔ کتاب کو پیش کرتے ہوئے جناب سیدحامدمحسن نے کتاب کا تعارف پیش کیا۔ موصوفہ نے کتاب کو حاصل کرنے کے بعد کہا کہ وہ اِسلام کے بارے میں کچھ جانتی ہیں لیکن سیرت رسولؐ کو تفصیلی طور پر پڑھنے کا موقعہ نہیں ملا۔ آپ نے جناب سید حامد محسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری خوش نصیبی ہے کہ اتنے عظیم پیغمبر کی سیرتؐؐ پڑھنے کا موقع مل رہا ہے ۔میں اِس کتاب کو ضرور پڑھوں گی۔ اُس موقع پر موجود ایک اور سفارتکار جناب جارج میتھیوجو امریکی شعبۂ معاشیات کے ذمہ دار ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے شہربنگلور میں آپ کی بڑی بڑی قرآن اورمحمدؐکی ہورڈنگس دیکھی ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ آج آپ سے ملاقات ہورہی ہے۔ اورانہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں سیرت رسولؐ کے بارے میں بہت ہی کم علم ہے ،اب ہم اس کتاب ’’فالومی‘‘ کے ذریعے سیرت رسولؐ کے بارے میں جانکاری حاصل کریں گے۔سیرت رسول پر سلام سنٹر کی جانب سے شائع شدہ کتاب ’’فالومی Follow Me ‘‘ کے50ہزارسے زائد نسخے مسلم اورغیر مسلموں نے6ماہ کی قلیل مدت میں حاصل کئے۔ اتنی بڑی تعداد میں سیرت رسولؐ پر کوئی اورکتاب ہندوستان میں ابھی تک شائع نہیں ہوئی ہے۔ پہلے ایڈیشن کے بعد اہم و دلچسپ معلومات کے ساتھ دوسرا ایڈیشن منظر عام پر آچکا ہے۔ جس کے کل صفحات 475ہیں۔ ملٹی کلر ٹائٹل پیج اور بین الاقوامی معیار طباعت کے ساتھ دوسرا ایڈیشن اپنی مثال آپ ہے۔ ’’فالومی‘‘ سلام سنٹرکی وہ پیش کش ہے جسے ’’محمدﷺ سب کیلئے‘‘ پراجکٹ کے تحت منظر عام پر لایا گیا ہے۔ اس کتاب کو سلام سنٹر کے بانی و چیرمین جناب سید حامدمحسن نے 4سال کی شب وروز مطالعہ اور محنت کے نتیجے میں تالیف کیا ہے۔ دوسرے ایڈیشن میں ان غلط فہمیوں کا ازالہ کیا گیا ہے جو عام طور پر سیرت رسولؐ سے متعلق ہیں۔ یقیناًاس کتاب کو مسلم ہو کہ غیر مسلم جب پڑھتا ہے تو اس کے اندر حضرت محمدؐ سے وہ محبت پیدا ہوتی ہے جو مطلوب ہے۔ یوں تو بے شمار سیرت رسولؐپر کتابیں موجود ہیں لیکن اس کتاب کی خاصیت یہ ہے کہ یہ جدید تعلیم یافتہ ذہنوں کو اپنا گرویدہ بنالیتی ہے۔ بیشتر قاری جب اسے پڑھتے ہیں تو اسے دوسروں تک پہنچانے کا ان کے اندر داعیہ پیدا ہوجاتا ہے۔ اس کتاب کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ سیرت رسولؐ کو قرآن کے ذریعہ بیان کیا گیا ہے۔ اس لئے کہ حضرت عائشہؓ کے بہ قول ’’اللہ کے رسولؐ در اصل چلتا پھرتا قرآن تھے۔‘‘ کتاب کے تقریباً ہر صفحہ میں قرآنی آیات کا حوالہ ملتا ہے۔ یہ کتاب دعوتی میدان میں مصروف داعیوں کے لئے ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس لئے کہ عام غیر مسلم سیرت رسولؐ کو پڑھنے بے چین ہیں۔ اُن کے ذہنوں میں بے شمار شکوک و شبہات ہیں جنہیں دور کرنا بڑی خدمت ہوگی۔ جو اس کتاب سے ممکن ہے۔ آئیے حُب رسولؐ کا اظہار کریں اپنے غیرمسلم دوستوں میں سیرت رسولؐ کو عام کریں۔انشاء اللہ! سلام سنٹر بنگلور کی جانب سے دو مہمات تاریخ کا ایک اہم باب ہونگی۔ اوّل ’’قرآن سب کیلئے‘‘ اور دوم ’’محمدؐ سب کیلئے‘‘۔ ’’قرآن سب کیلئے‘‘ کے تحت لاکھوں غیرمسلم قرآنِ مجید کی تعلیمات سے آشناہورہے ہیں تو ہزاروں سیرت رسولؐ کا مطالعہ کررہے ہیں۔

Viewers: 967
Share