پٹنہ کے کرشن میموریل ہال میں ایس سی ای آر ٹی کے تحقیقی ترجمان

’’آلوک ’’کے بہار نمبر کا وزیرتعلیم نے اجرا کیا
پٹنہ (سید عبیداللہ سبیلی) 14 ؍نومبر گذشتہ روز پٹنہ کے وسیع ترین ایس کے میموریل ہال میں یوم تعلیم کے اختتامی اجلاس سے پہلے ایس سی ای آر ٹی بہار کے تحقیقی ترجمان آلوک کے بہار نمبر کا رسم اجرا وزیر تعلیم جناب پرشانت کمار شاہی نے کیا ۔اس تقریب میں پرنسپل سکریٹری ایجوکیشن جناب امرجیت سنہا سکریٹری ایجوکیشن جناب راہل ڈائریکٹر ایس سی ای آر ٹی جناب حسن وارث ، صدر شعبہ ایس سی ای آر ٹی ڈاکٹر قاسم خورشید کی بھی قابل قدر شمولیت سے پروگرام کا وقار اور بھی روشن ہوا ۔ رسم اجرا کے بعد جب اس شمارے کا مثبت اقدار کے علمبر داروں نے جائزہ لیاتو متفقہ طورپر یہ بات ابھر کر سامنے آئی کہ ایس سی ای آر ٹی کی تاریخ میں اتنا خوبصورت او ر وقیع آلوک کا شمارہ کبھی شائع نہیں ہوا ۔ اس قابل قدر شمارے کی اشاعت کے لئے سبھوں نے بہ یک زبان ایس سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر جناب حسن وارث اور ان کے رفقا کو مبارک باد پیش کی ۔ قابل ذکر ہے کہ یہ شمارہ کئی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے ۔ کیونکہ یہ بہ یک وقت چار زبانوں یعنی ہندی ، اردو ، بنگلہ اور انگریزی میں شائع ہوا ہے ۔ اس شمارے میں بہار پر خصوصی مواد یکجا کیا گیا ہے اور اس تحقیقی کاوش کیلئے بھی یہ شمارہ ہمیشہ قابل قدر تصور کیا جاتا رہے گا۔ بہار کے سو سال کو پیش نظر رکھ کر کئی ایسے مضامین شامل ہیں جو نئی نسل کے لئے یقیناًمشعل راہ تصور کئے جاسکتے ہیں ۔
Viewers: 737
Share