امکان کے زیر اہتمام افضل خان کے مجموعہ کلام کی رونمائی

رحیم یارخان(اردو سخن)رحیم یارخان ادبی فورم اور ادبی تنظیم ’’امکان‘‘کے زیر اہتمام جدید غزل کے نمائندہ شاعرافضل خان کے شعری مجموعے ’’اک عمر کی مہلت‘‘کی تقریب رونمائی و محفل مشاعرہ علامہ اقبال آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔جس کی صدارت ادبی فورم کے چئیرمین خالد محمود ذکی نے کی جبکہ مہمانان اعزاز میں ریذیڈنٹ ڈائریکٹربہاولپور آرٹ کونسل ریاض الحق بھٹی،اظہر ادیب،ڈاکٹر کبیر اطہر،ڈاکٹر ماجدخان اورپروفیسر قاضی حفیظ الرحمٰن شامل تھے۔نظامت کے فرائض فورم کے جنرل سیکرٹری ناصر محمود لالہ اورشہباز نئیرنے سرانجام دئیے۔ریاض الحق بھٹی،ڈاکٹرماجد خان،پروفیسر قاضی حفیظ الرحمٰن،پروفیسرعارف ایوب،پروفیسر عمران بشیر،پروفیسرمزمل سعدی اورصدر محفل خالد محمود ذکی نے افضل خان کے فن اورشخصیت پراظہارخیال کرتے ہوئے انہیں جدید غزل کانمائندہ اورصاحب اسلوب شاعرقراردیا اور کہاکہ ان کی کتاب اردو شعرو ادب میں گرانقدراضافہ ہے اوران کی غزلیات اپنے منفرد لہجے کی وجہ سے ملک بھر کے ادبی حلقوں میں اپنالوہامنواچکی ہیں جن شعراء کرام نے اپناکلام پیش کیاان میں اظہرادیب،ڈاکٹرکبیراطہر،خالد محمودذکی،جبار واصف،ناصر محمودلالہ،خالد جاوید،ناصر مصطفیٰ رانا،نصیراسیر،فیصل سحر،آزر بخاری،شہباز نئیر،مرزافیصل و دیگر شعراء کرام نے اپناکلام پیش کیا۔ادبی فورم کے صدر جبارواصف نے کہاکہ اک عمر کی مہلت افضل خان کا دوسرا شعری مجموعہ ہے جوملکی اورغیر ملکی سطح پربھرپور پذیرائی حاصل کرچکا ہے بہاولپورکی ادبی تاریخ میں افضل خان کی تخلیقات نے جدید غزل کوایک نیااورمنفرداسلوب دیاہے جوافضل خان کواپنے ہم عصروں میں ممتاز کرتا ہے تقریب کے اختتام پراحمد پور شرقیہ کے بزرگ شاعرابن الامام شفترکی وفات پراظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کروائی گئی۔

Viewers: 1507

Share