سلامتی کے پیغام کے ساتھ پونے میں سلام سنٹر کی آمد

pune-quran

پونے 15.10.2015: بنگلور، دہلی اور لکھنؤ کے کتب میلوں میں سلامتی، امن اور نجات کا پیغام بکھیرنے والے سلام سنٹر نے پونے کتب میلہ میں بھی حصہ لے کر اس کتب میلہ کی رونق کو بڑھانے کے لئے حاضرہوچکا ہے۔ چاریوم تک جاری رہنے والے اس کتب میلہ کا آغازپونے کے ڈونیشنل کمشنر، سینئرآئی۔اے۔ایس۔ آفیسر مسٹرچوکولنگم نے کیا۔ افتتاح کے بعد موصوف سلام سنٹر کے پویلین ’’قرآن سب کیلئے‘‘ پر حاضرہوئے اور یہاں ’’غلط فہمیاں‘‘ کے مراٹھی ترجمے کی رسم اجرائی کی۔ غلط فہمیاں ایک موثرکتاب ہے جس میں غیرمسلم ذہنوں میں حالات کے پیش نظر اُبھرنے والے سوالات اور شکوک کے جوابات اور وضاحتیں شامل ہیں۔ اس کتاب کا اجراء فرمانے کے بعد مسٹر چوکولنگم نے کہا کہ سلام سنٹر وہ کام کررہا ہے جو وقت اور ملک کی اہم ضرورت ہے۔ آج غلط فہمیاں، شکوک اور واہمات سماج کو تقسیم کردیئے ہیں اور مختلف دراڑیں پیدا کردیئے ہیں۔ اس کا واحدعلاج غلط فہمیوں کودور کرنا ہے اور سماج میں صحیح معلومات کو عام کرنا ہے۔ سلام سنٹر امن کی تعلیم دے رہا ہے۔ غلط فہمیوں کے ازالے کے ذریعہ ہی سماج میں امن قائم ہوسکتا ہے۔ امن قائم ہوگا تو ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔ مسٹرلنگم نے قرآن مجید کے دوسیٹ حاصل کئے۔ مراٹھی زبان کا ایک سیٹ انھوں نے اپنے دوست کے لئے بھی حاصل کیا اور کہا کہ میں ابھی تک قرآن کو نہیں پڑھا تھا اب آپ سے حاصل کیاہوں ضرور پڑھوںگا۔
سلام سنٹر کے چیرمین جناب سیدحامدمحسن انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے دو یوم قبل شہرپونے میں حاضرہوچکے ہیں۔ سلام سنٹر نے جن جن کتب میلوں میں شرکت کی ہے وہاں ماحول بڑا اچھارہا، حاضرہونے والوں نے سلام سنٹر کے پویلین سے خوب استفادہ کیا۔ یہ سوال کئے جانے پر کہ سلام سنٹر کا مقصد کیا ہے جناب سیدحامدمحسن نے کہا کہ ’’اس کے نام سے ظاہر ہے کہ یہ سماج میں سلامتی اور امن پھیلانے کا داعی ہے۔ سماج میں امن چین وسکون، خود کی پہچان، خداکی پہچان اور بہترین سماجی رشتوں کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ لہٰذا ہم اس مقصد کے لئے قرآن اور اسلام کا بنیادی لٹریچر اس کے چاہنے والوں کے لئے مفت تقسیم کرتے ہیں۔‘‘ آپ نے یہ بات بھی کہی کہ آج ہمارے پیارے ملک میں لوگ مذہب اور کلچرکے حوالے سے بہت زیادہ بدگمانی اور غلط فہمیوں کا شکار ہیں۔ ان بدگمانیوں اور غلط فہمیوں کو دور کرنے سماج کی بہت بڑی خدمت ہے جسے ہم انجام دے رہے ہیں۔
سلام سنٹرکے پویلین میں مراٹھی زبان میں ترجمہ قرآن، سیرت رسولؐ پر کتاب ’’فالومی‘‘ غلط فہمیوں پر کتاب’’غلط فہمیاں‘‘ اور اسلام پر تعارف کی کتاب ’’اسلام فاریو‘‘ ان تمام کے مراٹھی تراجم عمدہ طباعت کے ساتھ دستیاب ہیں۔سلام سنٹر کی تمام کتب کو ادباء اور دانشوروں نے خوب سراہا ہے۔ اور لاکھوں کی تعداد میں اسے غیرمسلموں نے حاصل کیا ہے۔ جناب سیدحامدمحسن نے عوام الناس سے گذارش کی ہے کہ وہ اس نمائش میں تشریف لائیں اور سلام سنٹر کے پویلین پرضرورحاضری دیں۔ آپ نے بالخصوص ملت اسلامیہ سے گذارش کی ہے کہ وہ بھی کثیرتعداد میں حاضرہوں اور بالخصوص اپنے غیرمسلم دوستوں کو سلام سنٹر کے پویلین کا تعارف کرائیں۔ آپ نے مزید کہا کہ وہ اپنے شہر پونے کے قیام کے دوران پولس انتظامیہ، وکلاء اور ججس اور دیگراعلیٰ عہدیدارن اور مذہبی ذمہ داران کی خدمت میں قرآن اور اسلام پر لٹریچر کا تحفہ پیش کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ لہٰذا اس سلسلہ میں ان کا جو بھی جس قدر تعاون کرنا چاہتے ہیں وہ سلام سنٹر کے پویلین حاضر ہوں۔
یہ بڑی دلچسپ اور لائق تقلیدبات ہے کہ جناب سیدحامدمحسن گذشتہ آٹھ سالوں سے اپنے صرفِ خاص سے اس مہم کو اعلیٰ پیمانے اور معتبرانداز میں انجام دے رہے ہیں۔ گذشتہ منعقدہوئے کتب میلوں سے تقریباً 5لاکھ افراد نے قرآنِ مجید کو ان کے پویلین سے حاصل کیا تھا۔ ان شاء اللہ اس پویلین سے بھی پونے میں قرآن مجید کا پیغام بڑے پیمانے پر عام ہونے کی آپ کو امید ہے۔ آپ نے تقریباً 25ہزار کتابوں کے سیٹ کو یہاں اسٹاک کیا ہے۔

Viewers: 858
Share